انگلینڈ کے مزید 6 کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئے

 
0
165

اسلام آباد 02 فروری 2022 (ٹی این ایس): پی ایس ایل کے ساتویں سیزن میں شرکت کے لیے انگلینڈ کے مزید 6 کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ جیمز وینس قرنطینہ نہیں کریں گے جبکہ باقی پانچ انگلش کرکٹر تین روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد انگلینڈ کے مزید چھ کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ جیمز وینس کا کراچی پہنچنے کے بعد اینٹی جین ٹیسٹ ہوا اور رپورٹ منفی آنے پر انہیں اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پی ایس ایل کووڈ پروٹوکول کے مطابق اگر گزشتہ ایک ماہ کے دوران کسی کھلاڑی کو کورونا ہوا تو قرنطینہ کی ضرورت نہیں، جیمز وینس آج شام معین خان اکیڈمی میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیں گے۔

اعظم خان نے بتایا کہ جیسن رائے بھی کراچی پہنچ گئے ہیں لیکن وہ تین روز کا قرنطینہ کریں گے۔

کراچی پہنچنے والے دیگر کھلاڑیوں میں لاہور قلندرز میں شامل انگلینڈ کے ہیری بروک اور فل سالٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پشاور زلمی کے ثاقب محمود، کراچی کنگز کے کرس جارڈن بھی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ انگلش کرکٹرز تین روز کا قرنطینہ مکمل کرکے اپنے اپنے اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔