باجوڑ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جوان زخمی

 
0
128

اسلام آباد 08 مئی 2021 (ٹی این ایس): باجوڑمیں سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوگیا ، آئی ایس پی آر نے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی کئی بار مذمت کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑمیں دہشت گردوں کی سرحدپارسےچیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی ، دہشت گردوں کی فائرنگ سےایک جوان زخمی ہوا تاہم پاک فوج نے بھی فوری جوابی کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان متعددبارافغان حکام کومؤثربارڈرمینجمنٹ کیلئے کہتا چلا آرہا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنےکی کئی بار مذمت کی گئی ہے۔

یاد رہے چند روز قبل پاک افغان بارڈر پر باڑلگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوگئے، ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی، شہیدہونیوالوں حولدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اورنائیک سلطان شامل تھے۔

خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔