وزیراعظم اور آرمی چیف کا نوشکی کا دورہ، علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

 
0
123

اسلام آباد 08 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزراء کے ہمراہ نوشکی کا دورہ کیا وزیراعظم کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کی جوانوں سے ملاقات، شہداء اور ان کے اہلخانہ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی کا دورہ کیا، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزراء بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے جوانوں سے بھی ملاقات کی، انہوں نے شہداء اور ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور جرات و بہادری کو سراہا، بالخصوص دہشت گردوں کے حملے بہادری کے ساتھ پسپا کرنے کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاک افواج کی قومی سطح پر حمایت کرتے رہیں گے۔

بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے حقیقی پوٹینشل کو سامنے لائیں گی۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کی، اور دہشت گردی کے خلاف عمائدین کے تعاون کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے۔