ایم کیو ایم وفد سے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی سے زیادہ آپ محب وطن پاکستانی ہیں، شہباز شریف

 
0
248

اسلام آباد 08 فروری 2022 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو کہا کہ پہلے آپ کو پاکستانی اور پھر حلیف بن کر سوچنا ہو گا۔انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے بات چیت کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے ایم کیو ایم وفد کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں ںے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد سے کہا کہ آپ اس حکومت کے حلیف ضرور ہیں لیکن عمران نیازی کے ہاتھوں ملک کی تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اتنی ہے کہ جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہے اور حالت یہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کی فیس تک ادا کرنے سے قاصرہو چکے ہیں۔

ن لیگ کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا کہ اس طرح کی کرپٹ اورعاقبت نا اندیش حکومت کا کبھی تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی فکر ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں کراچی میں فراہمی آب کے لیے بے شمار فنڈز مختص کیے گئے، گرین لائن منصوبے کے لیے 25 ارب روپے خرچ کیے اور کراچی میں امن بھی ن لیگ کے دور میں آیا۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم وفد سے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی سے زیادہ آپ محب وطن پاکستانی ہیں۔