پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے صنعتیں تباہ، مہنگائی کا طوفان آجائے گا،فیصل معیز خان

 
0
292

معیشت مخالف اقدامات سے وزیراعظم کے کاروبار کو آسان بنانے، صنعتی فروغ کا ویژن کبھی پورا نہیں ہوگا، صدر نکاٹی

کراچی 16 فروری 2022 (ٹی این ایس): نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ عوام کے بہتر ترین مفاد اور ملکی معیشت کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے پیٹرولیم قیمتوں میں 12روپے سے زائد کا حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور قیمتوں کو کم کیا جائے تاکہ ہوشربا مہنگائی پر قابو پایا جاسکے اور صنعتی پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے۔فیصل معیز خان نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل میں خدشہ ظاہر کیا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے کے نتیجے میں صنعتی پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا اور مقامی صنعتوں کے ساتھ ساتھ برآمدی صنعتوں پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے نیز مہنگائی کا سیلاب آجائے گا جس سے غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار کرنے کو آسان بنانا اور صنعتوں کا فروغ وزیراعظم کا ویژن ہے اس کے برعکس حکومت کی جانب سے کاروبار کو مشکل بنانے اور صنعتوں کو بند کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے تاجر و صنعتکار برادری میں تحفظات پائے جارہے ہیں۔صدر نکاٹی نے مزید کہاکہ بجلی مہنگی، گیس مہنگی اور اب پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی گئی ہیں ایسی صورتحال میں صنعتیں کیسے چلائیں؟ کیونکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے نتیجے میں برآمدی صنعتوں کے لیے عالمی مارکیٹوں میں مقابلہ کرنا دشوار ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں کو سہولتوں کی فراہمی کی بات تو کرتی ہے مگر عملی طور پر سہولتوں کے بجائے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں لہٰذا حکومت اگر واقعی پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور صنعتوں کو فروغ دینا چاہتی ہے تو حقیقی معنوں میں یوٹیلیٹی چارجز سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے بصورت دیگر پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کا وزیراعظم عمران خان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوپائے گا۔