پاکستان کسی بلاک کی سیاست کا نہ تو حصہ ہے اور نہ بنے گا،وزیر خارجہ

 
0
229

اسلام آباد 25 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روس نے گوادر میں ایل این جی ٹرمینل کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے دورئہ روس سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو میں مذاکرات میں تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ روسی سرمایہ کاروں نے آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی معیشت کی طرف منتقلی اور علاقائی روابط کو روس سے مستحکم تعلقات کے ذریعے فروغ ملے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات گزشتہ چند سال سے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔وزیر خارجہ نے یہ تاثر مسترد کر دیا کہ یوکرین کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم کا دورئہ روس بروقت نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا فیصلہ سابق سفیروں سے وسیع مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا نہیں یقین ہے کہ یہ ایک صحیح فیصلہ تھا جس سے پاکستان کے سفارتی وقارمیں اضافہ ہوا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے اور ہم نہ کسی سیاسی بلاک کا حصہ ہیں اور نہ کبھی بنیں گے۔دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان روس سے گیس درآمد کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان میں افغانستان سے پاکستان روس کی گیس پائپ لائن کی توسیع سے ہماری مستقبل کی توانائی کی ضروریات پوری ہوںگی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس کی قیادت سے مذاکرات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔