شاہد خاقان عباسی مکمل اختیارات کیساتھ مضبوط وزیر اعظم ہونگے ٗاکرم خان درانی

 
0
436

اسلام آباد اگست 1.(ٹی این ایس )جے یو آئی (ف) کے رہنما سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی مکمل اختیارات کیساتھ مضبوط وزیر اعظم ہونگے ٗ عمران خان سیاست میں نو وارد ہیں‘ انہیں سیاست کا سرے سے علم ہی نہیں ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے والد بھی سیاست کرتے تھے‘ ان کا سیاست میں ایک نام تھا۔ اسی طرح شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور سیاست میں ان کے شاگرد ہیں۔ وہ مکمل اختیارات کے ساتھ مضبوط وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں اطراف سے خوش اسلوبی کے ساتھ حکومت کو بہتر طریقے سے چلائیں گے۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی میں مستقل وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کے نام پر اتفاق کیا گیا جس کی وجہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں سمیت کارکردگی کی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کی سماعت کے دوران کچھ لوگوں کی خواہش تھی کہ حکومت ختم ہو جائے گی بلکہ دن گنے جاتے تھے مگر نواز شریف نے جمہوریت کو دوام بخشا اور شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم نامزد کرکے مخالفین کو حیران کردیا۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ جے یو آئی (ف) مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت ہے اور بھرپور طریقہ سے حکومت کا ساتھ دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست میں نو وارد ہیں‘ انہیں سیاست کا سرے سے علم ہی نہیں ہے۔