پاکستان اور ازبکستان میں تاریخی ادبی اور ثقافتی یکسانیت پائی جاتی ہے، شفقت محمود

 
0
295

اسلام آباد 02 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان میں تاریخی ادبی اور ثقافتی یکسانیت پائی جاتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے وفود کی سطح پر تبادلے کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ازبکستان کے وزیر ثقافت نذر بیکوو کے ہمراہ پاکستان ہیریٹیج میوزیم لوک ورثہ میں وسطی ایشیاء لنک پاسیج پر ازبکستان کے تزئین و آرائش شدہ کارنر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں میں تاریخی، ادبی ثقافتی یکسانیت پائی جاتی ہیں اسی طرح بہت ہی نمایاں شاہی خاندان ( مغل) جس نے دنیا کے اس حصے پر جہاں آج ہم رہتے ہیں، پر صدیوں تک حکومت کی اور یہ مغل خاندان وسطی ایشیا (فرغانہ) سے آیا تھا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں اور جلد ہی ہم اپنے ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنے ثقافتی دستوں، نوادرات، فنکاروں اور اداکاروں کا تبادلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے شاعر، ادیب، مفکر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے لئے ملاقاتیں کریں گے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے ازبک وزیر ثقافت کا دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ازبکستان کے وزیر ثقافت نے کہا کہ ثقافت اور فن قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔