پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی جہت پر پہنچ گئے ہیں، سنٹرل ایشیا کو راہداری دینا وزیراعظم کا ویژن ہے، چوہدری فواد حسین کا تقریب سے خطاب

 
0
524

اسلام آباد 02 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات نئی جہت پر پہنچ گئے ہیں، سنٹرل ایشیا کو راہداری دینا وزیراعظم کا ویژن ہے جس سے وسط ایشیائی ممالک سے تعلقات مستحکم ہوں گے، ازبکستان کے صدر کا دورہ پاکستان خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ازبکستان کے قومی ملبوسات اور ٹیکسٹائل اور دیگر مصنوعات کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج سے ہم قریبی دوست ملک ازبکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات اور روایتی ملبوسات کی نمائش کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر اس نمائش میں خصوصی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ازبک صدر دورہ پاکستان پر آ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ازبک صدر سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کا اہم سربراہ ازبک صدر پاکستان تشریف لا رہے ہیں ان کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے سربراہان کا ویژن وسط ایشائی ممالک کو راہداری فراہم کرنا ہے جس سے دوطرفہ تجارت اور باہمی روابط کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ازبکستان سے ٹرین روٹ منسلک ہونے اور پروازوں کے آغاز سے تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو گا جس سے دونوں ملک مستفید ہوں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر بھی ازبکستان سے آئے تھے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان سے دونوں ممالک کی دوستی کے نئے سفر کا آغاز ہوا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے ازبک وزیر زراعت کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، وزارت اطلاعات و نشریات اور ازبک سفارتخانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نمائش میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلقات رکھنے والے افراد اور کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔\932