ازبک صدر شوکت مرزایوف کی آمد پر وزیراعظم ہائوس میں پروقار تقریب

 
0
99

اسلام آباد 03 مارچ 2022 (ٹی این ایس): ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی جمعرات کو پاکستان آمد پر ان کے اعز از میں وزیراعظم ہائوس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہائوس آمد پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ ازبک صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ ازبک صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ازبک صدر شوکت مرزا یوف نے وزیراعظم سے ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا تعارف کرایا ۔ ازبک صدر نے وزیراعظم ہائوس میں ایک پودا بھی لگایا ۔

پہلے دونوں رہنمائوں کے مابین ون آن ون ملاقات ہو گی بعد ازاں وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت ہو گی ، دونوں رہنما دو طرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث لائیں گے۔

دونوں ملکوں کے مابین 10مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں ۔ ازبک صدر کا پاکستان کا دو روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان وسط ا یشیائی ریاستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے ۔شوکت مرزا یوف کا حالیہ دورہ اس سلسلے کی کڑی ہے ۔

قبل ازیں ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیراعظم عمران خان نے ایئر پورٹ آمد پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ ازبک صدر کو بچوں نے گلدستہ پیش کیا اور ان کو توپوں کی سلامی بھی دی گئی ۔

ازبکستان کے صدر دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے ۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی تعلقات استوار ہیں ۔