ندیم افضل چن تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے

 
0
120

اسلام آباد 06 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ندیم افضل چن تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ کر دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی قیادت کے ہمراہ لاہور میں ندیم افضل چن کے گھر پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

لاہور میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ آج سے 20/22 سال میں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے سیاست شروع کی تھی، لیکن فیملی اور کچھ دیگر مجبوریوں کی وجہ سے مجھے ایک غلط فیصلہ کرنا پڑا جس کا میں اعتراف کرتا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب جب میرے گھر آئے تھے تو میں نے ان کو بھی کہا تھا کہ میں آج بھی بھٹو والا ہوں اور کل بھی بھٹو والا ہوں۔

انہوں نے پیپلزپارٹی میں اپنی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنے گھر واپس آگیا ہوں جس پر مجھے انتہائی خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے عزت دی۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ندیم افضل چن صاحب کو پی پی میں واپس آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی واپسی پوری پیپلزپارٹی کے لیے خوشخبری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موجود وہ تمام افراد جو ماضی میں پیپلز پارٹی کا حصہ رہے ہیں ان سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور پیپلزپارٹی کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم 7/8 دن سے سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں، اس وقت ندیم افضل چن صاحب کا ہمارے قافلے کا حصہ بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام موجودہ مسائل سے نمٹنے کی جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن ہونے چاہیے تاکہ ایک عوامی حکومت قائم ہو جو ان مسائل کا حل کرسکے، ان شا اللہ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کامیاب ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان یوٹرن لینے کے عادی ہیں لیکن ہم یوٹرن نہیں لیتے، ہماری اپوزیشن کے نتیجے میں حکومت پریشر میں ہے جس کا سامنا حکومت کو اس سے پہلے کبھی نہیں رہا ہے، ہم پہلے بھی سنیٹ میں حکومت کو شکست دے چکے ہیں اور آئندہ بھی شکست دیں گے۔