پی ٹی آئی کے 24 ایم این ایز سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں، راجہ ریاض کا انکشاف

 
0
104

اسلام آباد 17 مارچ 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ یہاں 24 ایم این ایز موجود ہیں۔

راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے خدشے کے پیش نظر وہ لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔

حکومت کی جانب سے نوٹوں کی بوریاں اور ہارس ٹریڈنگ کے الزام پر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان سے اختلاف ہے اس لیے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے اور ووٹ دیں گے، عمران خان گارنٹی دیں کہ ارکان جو چاہیں فیصلہ کرسکتے ہیں اس پر پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں ہوگا تو وہ یہاں سے پارلیمنٹ لاجز جانے کو تیار ہیں۔

راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ اور بھی لوگ ہیں جو یہاں آنا چاہتے ہیں لیکن ن لیگ انہیں ایڈجسٹ نہیں کرپارہی۔

سندھ ہاؤس میں موجود پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے نواب شیر وسیر کا کہنا تھا کہ وہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے، آزاد لڑیں گے یا عوام سے پوچھ کر فیصلہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنےکے لیے پی ٹی آئی کے جلسے میں فواد چوہدری کو جھپی ڈال کر جائیں گے، یہ بڑھکیں ہیں، وہ ہمیں گدھے، گھوڑے، خچرکہیں توبھلائی کی کیاتوقع کریں۔

ہمارے بارے میں جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے ، سیاستدانوں کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے، ووٹ ڈالنے کے لیے فواد چوہدری سے پوچھنے کی ضرورت نہیں، وہ ہمارے برخوردار ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت کے دس سے بارہ ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 یا 12 بندے ایسے ہیں جو ہمیں بھی ملے تھے، اب ہم انہیں ڈھونڈ رہے ہیں، مل نہیں رہے، ہمیں پتہ چل گیا ہےکہ وہ کہاں پر ہیں، وہ بندے اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، حکومت کو ان سے زیادہ پریشانی ہے۔