اسلامی تعاون تنظیم اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، میاں کاشف اشفاق

 
0
148

اسلام آباد 20 مارچ 2022 (ٹی این ایس): :اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ او آئی سی کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس سے ممبر ممالک کی صفوں میں پائیدار اتحاد اور یکجہتی مزید مستحکم ہو گی اور ان کے درمیان بھائی چارے کے رشتے مزید مضبوط ہونگے۔

اتوار کو میاں فریاد احمد رضا کی قیادت میں فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ او آئی سی ممبر ممالک کے مابین زیادہ سے زیادہ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2018 میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے دوران اسلامو فوبیا کو مذہبی اور نسلی امتیاز کی ایک شکل قرار دیا جسے عالمی سطح پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی مخلصانہ کاوشوں کی بدولت روس، کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے رہنماﺅں نے پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کی ہے۔ پاکستان نے اسلامی ترقیاتی بنک، مستقل انسانی حقوق کمیشن اور اسلامو فوبیا پر آبزرویٹری کے قیام کیلئے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ میاں فریاد احمد رضا نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی 48 ویں کونسل کے اجلاس میں اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری کے علاوہ او آئی سی ممبران کو درپیش اہم عصری مسائل پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، پوری امت مسلمہ کے لیے انصاف اور رکن ممالک کے درمیان ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کی حوصلہ افزائی کے علاوہ کورونا وبا کے بعد مکمل بحالی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔