پنجاب میں وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت 15لاکھ افراد کو 50 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے

 
0
147

لاہور 20 مارچ 2022 (ٹی این ایس): پنجاب میں وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت 1.5 ملین افراد کو 50 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ وزارت صنعت وتجارت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت اب تک صوبہ میں 1.5 ملین افراد کو 49.78 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت 1268 افراد کو 730 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں۔

اس سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو ایک لاکھ روپے سے 10 ملین روپے تک قرض حاصل کرنے کی سہولت ہے۔ مزید برآں صوبہ میں روزگار کی فراہمی کے حوالہ سے اس سکیم کے تحت پانچ سال میں 30 ارب روپے مالیت کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف ہے جس سے 1.6 ملین خاندانوں کو روزگار دستیاب ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ایچ ڈی سی سکیم کے تحت 1.2 ملین روپے کے 48 قرضے جبکہ سی ایم ایس ای سی کے تحت 18.4 ملین روپے کے 110 قرضہ جات اور بہاولنگر اور چولستان کی ہنر مندوں خواتین کو 4 ملین روپے کے 168 قرضے بھی فرہم کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلا سود قرضوں کی سکیم کے تحت ہنر مند اور کم ہنر مند افراد کو 81.19 ملین روپے مالیت کے 695 قرضے بھی فراہم کئے جاچکے ہیں جبکہ گھریلو صنعت کے فروغ کےلئے 445 افراد کو 89 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں جس سے پنجاب میں خود روزگاری سمیت روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں مدد حاصل ہو رہی ہے۔