ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت کا تعین کرنے والے فارمولے میں تبدیلی، کمپنیوں کو کتنی رعایت دی جائے گی؟

 
0
445

اسلام آباد 26 مارچ 2022 (ٹی این ایس): کابینہ کی معاشی تعاون کمیٹی نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت کا تعین کرنے والے فارمولے میں تبدیلی کی تجویز منظور کر لی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس تجویز کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت کے تعین کے لیے استعمال ہونے والی فارمولے میں ایسی تبدیلی کی جائے گی جس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 7روپے فی لیٹر کی رعایت ملے گی تاہم اس اقدام سے حکومت کو ماہانہ 1.3ارب روپے کا اضافہ بوجھ برداشت کرنا پڑ جائے گا۔

معاشی تعاون کمیٹی کے اس اجلاس کی صدارت وزیرخزانہ شوکت ترین نے کی، جس میں یہی ایک ایجنڈا رکھا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں صرف وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی فخر امام اور وزیر نجکاری محمد میاں سومرو شریک ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر حکومت قیمتوں کے تعین کے لیے استعمال ہونے والے فارمولے پر نظرثانی نہیں کرے گی تو وہ آئندہ مہینوں میں ڈیزل کی سپلائی روک دیں گے۔ اس دھمکی کے بعد پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے سرعت کے ساتھ کام کرتے ہوئے اس فارمولے میں تبدیلی کی تجویز منظور کرائی گئی ہے۔