آر یا پار ہونیوالوں کے خوار ہو نے کا وقت آگیا، عدم اعتماد کی ناکامی کےبعد عمران اپنی موجودہ اور آئندہ5 سالہ مدت بھی پوری کریں گے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

 
0
127

اسلام آباد 27 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتمادلانے والوں کوایسا سرپرائز ملنے جارہا ہے کہ وہ آئندہ ایسا سوچنا بھی بھول جائیں گے کیونکہ عمران خان پر اعتماد ہی نہیں بلکہ اعتماد پلس ہونے جارہا ہے جبکہ اس کے برعکس آر یا پار ہونیوالوں کے خوار ہو نے کا وقت آگیاکیونکہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتمادنہ صرف بری طرح ناکام ہوگی بلکہ عمران خان اپنی موجودہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعداگلی مرتبہ بھی وزیراعظم منتخب ہوکر اپنی آئندہ5 سالہ مدت پوری کریں گے۔

وہ اتوار کی صبح پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہونیوالے امربالمعروف جلسہ میں شرکت کیلئے اپنے انتخابی آفس ڈی ٹائپ فیصل آباد سے کارکنوں کے ایک عظیم الشان قافلہ کے ہمراہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھرسے کارکنوں کا سمندر اپنے محبوب قائد پر اعتماد پلس کیلئے رواں دواں ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عمران خان ایسا وزیراعظم ہے جن کے خلاف کوئی منی لانڈرنگ کا کیس نہیں، نہ ہی بیرون ممالک میں محلات بنائے،نہ ان کے کاروبار باہر ہیں بلکہ مخالفین کے برعکس عمران خان نے 40سال باہر محنت کی اور پیسے بینکنگ چینل سے پاکستان لائے جس کی ایک ایک رسید متعلقہ اداروں کو فراہم کر دی گئی ہے اور ہم نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈجمع نہیں کرائی، نہ قطری خط کا سہارا لیا، نہ آڈیوز اور ویڈیوز کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ اپوزیشن میں اکٹھے ہیں وہ ایک وقت میں ایک دوسرے کی شکل دیکھنا نہیں چاہتے تھے اور آج ان سب پر جو کیس ہیں وہ انہوں نے خود ہی ایک دوسرے کے خلاف بنائے یہ پی ٹی آئی نے نہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ زرداری فالودے والے اورشہباز شریف مقصود چپڑاسی کو بچانا چاہتے ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف یہ کہتے ہیں کہ یہ بزنس ٹرانزیکشنز تھیں لیکن عوام بھی یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کونسا بزنس ہے جس کی ٹرانزیکشنز دس دس بیس بیس ہزار روپے تنخواہ لینے والے معمولی ملازمین کے اکاؤنٹس کے ذریعے ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تو کسی ملازم کے اکاؤنٹ میں کبھی اربوں روپے نہیں آئے لہٰذا یہ جب تک عوام کو سچ نہیں بتائیں گے

ان کی جان نہیں چھوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج جلسہ نہیں بلکہ جلسہ پلس ہونے جارہا ہے کیونکہ پاکستان کے عوام، خواتین،بچے،بوڑھے،جوان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے ضمیر فروشوں کے خلاف عدلیہ سے رجوع کیا ہوا ہے کیونکہ لوگ بھی آخر کب تک چھانگا مانگا اور لوٹ مارکا سلسلہ دیکھتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس کو نیلام گھر بنا دیا گیا ہے جہاں نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول کر ضمیر فروشوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں مگرہم ہارس ٹریڈنگ کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے جارہے ہیں

کیونکہ اب آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح ہونے جارہی ہے تاکہ آئندہ کسی کو ضمیر فروشی کی ہمت نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور کرپٹ ٹولا رسوا ہوگانیز پاکستان کے تمام مکاتب فکر، کاروباری طبقے، فیصل آباد چیمبر، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن سمیت دیگرصنعتی، کاروباری، تجارتی ایسوسی ایشنزنے وزیراعظم اور حکومت کی جس طرح کھل کر حمایت کی ہے اس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں یہی نہیں بلکہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اسلئے ہم سب ملکرکرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مریم نواز کبھی آڈیو اور کبھی ویڈیو کے پیچھے چھپ رہی ہیں لیکن اب ان کی یہ شو بازی اور ڈرامے مزید نہیں چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم کی کیا سیاسی جدوجہد ہے صرف یہی کہ وہ زرداری اور نوازشریف کے بچے ہیں،کیا اس نسل در نسل موروثی سیاست کے علاوہ ملک کی بائیس کروڑ آبادی میں کوئی اس اہل نہیں کہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں، اہلیت و قابلیت کے بل بوتے پر آگے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے پارٹی نہیں چھوڑی وہ واپس آئے گا اور جو پی ٹی آئی کے خلاف جائے گا وہ ڈی سیٹ ہوجائے گالہٰذا اب بھی وقت ہے کہ ضمیر فروش ومنحرف لوگ واپس آجائیں ورنہ عوام ان کا ایسا احتساب کریں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ راجہ ریاض سمیت دیگر منحرف اراکین کو چیلنج ہے کہ وہ صرف پانچ منٹ کیلئے فیصل آباد گھنٹہ گھرچوک میں کھڑے ہو کردکھائیں اور دیکھیں کہ عوام ان کا کیا حشر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو اتنا ہی شوق ہے تو وہ ایک منٹ ضائع کئے بغیر اپنی سیٹوں سے استعفے دیں اور پھر دوبارہ الیکشن لڑ کر دیکھیں اگر ان کی ضمانتیں ضبط نہ ہوجائیں تو پھر بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ امر بالمعروف یعنی اچھائی کے ساتھ اور برائی کیخلاف ہیں اسی لئے آج برائی کا خاتمہ ہونے جا رہا ہے اوراسلام آباد میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر یہ ثابت کر دے گا کہ وہ ضمیر فروشوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان پر صرف اعتماد نہیں بلکہ اعتماد پلس اور جلسہ نہیں بلکہ جلسہ پلس ہونے جارہا ہے کیونکہ عوام شاندار طریقے سے اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں جس سے آئندہ کی سیاست کا نیا رخ متعین ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس کو نیلام گھر بناکر لوٹ مار کے پیسے منڈی سجی ہوئی ہے لہٰذا متعلقہ اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور ہم سب کو مل کر اس گھٹیا پریکٹس کا راستہ روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ضمیر فروشوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے راستہ نہیں رکے گا اس وقت تک ملک کبھی ترقی نہیں کرسکے گا اور نہ ہی ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کاٹولہ آخری سانسیں لے رہا ہے جس کے بعد ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنائیں گے اور اگلے پانچ سال کیلئے بھی عوامی مینڈیٹ کے تحت عمران خان ہی ویر اعظم ہوں گے۔فرخ حبیب نے کہا کہ جو پارٹی چھوڑے گا اس پر 63 اے کے تحت ڈیفیکشن کلاز لاگو ہوں گی اور نہ صرف پارٹی بلکہ حلقہ کے ووٹرز اور شہر کے عوام بھی ان ضمیر فروشوں کا احتساب کریں گے۔

بعدازاں پریڈ گراؤنڈکے تاریخی جلسہ میں شرکت کیلئے فیصل آباد سے ہزاروں کارکنوں کے قافلے اسلام آبادروانہ ہوگئے اور اس موقع پر فیصل آباد میں جشن کا سماں اور کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ فیصل آباد سے روانہ ہونیوالے سینکڑوں کاروں، بسوں،ویگنوں کے قافلے کی قیادت وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، صوبائی وزرا میاں خیال احمد کاسترو، ظہیرالدین، حافظ ممتاز احمد،ممبران قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا، رضا نصراللہ گھمن،شیخ خرم شہزاد، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذرگجر، میاں وارث عزیز،شکیل شاہد و دیگر ارکان اسمبلی، پی ٹی آئی رہنما عادل رفیع چیمہ، حسن نیازی اور دوسرے رہنما کررہے تھے۔قافلوں کی روانگی کے موقع پر پی ٹی آئی فیصل آباد سٹی کے صدر، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر گجر نے کہا کہ جلسے میں شرکت کیلئے فیصل آباد کے جوانوں، بزرگوں، شہریوں اور پی ٹی آئی ورکرز کا جوش و خروش انتہائی دیدنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد اور یہاں کے غیور باسیوں کا موڈ بتارہا ہے کہ یہاں کا ہر بچہ، بوڑھا، جوان عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا اور ان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں اتنا جوش و جذبہ 2018 کے عام انتخابات میں بھی نہیں تھا جتنا اب دیکھنے میں آرہا ہے بلکہ وہ وقت سے پہلے ہی پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچنے کیلئے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ایک کروڑ ستر لاکھ ووٹ ہماری یا راجہ ریاض جیسے ضمیر فروشوں کی شکلیں دیکھ کر نہیں بلکہ صرف اور صرف عمران خان کے نام اور ان کی جماعت پی ٹی آئی کے ٹکٹ و انتخابی نشان بیٹ پر مہر لگا کر دیئے تھے اسلئے ہم عمران خان کو چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے اور نہ ہی ووٹرز اپنے ووٹ کی توہین کرنیوالوں کو برداشت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹکٹ لینے کیلئے عمران خان کے پاؤں پکڑنے والے آج نوٹوں کے لالچ میں آکر اپنا سیاسی مستقبل ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریک کرنے جارہے ہیں اسلئے اب بھی موقع ہے کہ وہ عزت سے واپس لوٹ آئیں تو عمران خان انہیں معاف کردیں گے ورنہ انہیں حلقہ کے ووٹرز کے عتاب کا سامنا ضرور کرنا پڑے گا اور وہ ہمیشہ اپنے ضمیر کے قیدی بن کر رہیں گے۔روانگی سے قبل کارکنوں کیلئے پرتکلف ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کارکنوں نے بڑی تعداد میں بینرز، فلیکس،پوسٹرز، پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ انہوں نے اپنے محبوب قائدین کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں نیز قافلوں کی روانگی کے وقت فضازبردست نعروں سے گو نجتی رہی۔