عمران خان مسلم امہ کی ضرورت بن کر کھڑے ہیں، عمران خان تک پہنچنے کے لئے 20 کروڑ عوام سے گذر کر آنا ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا امر بالمعروف جلسہ سے خطاب

 
0
150

اسلام آباد 27 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو تخت و تاج کی کوئی پرواہ نہیں، عمران خان مسلم امہ کی ضرورت بن کر کھڑے ہیں، عمران خان تک پہنچنے کے لئے 20 کروڑ عوام سے گذر کر آنا ہوگا، پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے ہیں، اپنے حلقے میں جا کر دیکھیں ہر منٹ میں انہیں سو جوتے پڑیں گے۔

اتوار کو پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں امر بالمعروف جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے جلسہ میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے لاکھوں کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ اسلام آباد کا اقتدار کسی سازش سے نہیں عوام سے ہو کر گذرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ 10 لاکھ لوگوں کا اجتماع ہوگا اور سازشیوں کو اس سے گذر کر جانا ہوگا، آج بتا رہا ہوں کہ ان لوگوں کو 20 کروڑ عوام سے گذر کر عمران خان تک پہنچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تخت و تاج کی کوئی پرواہ نہیں، عمران خان مسلم امہ کی ضرورت بن کر کھڑے ہیں، عمران خان پاکستان اور اس کے عوام کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو ایوانی سازشوں سے کوئی دلچسپی نہیں، ہم عوام میں سے ہیں اور عوام میں ہی رہیں گے، ہمیں اقتدار بھی عوام نے دیا ہے اور ہم اقتدار عوام کے سر پر رکھیں گے، عمران خان کو تخت و تاج کا کوئی لالچ نہیں، اقتدار میں آنے جانے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، فرق پڑے گا تو وہ مجھے اور عوام کو پڑے گا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے ہیں، اپنے حلقے میں جا کر دیکھیں ہر منٹ میں انہیں سو جوتے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غریب کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں، عمران خان اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں، عوام وزیراعظم عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔