آسٹریلیا کی قائم مقام ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان کو رمضان کی مبارکباد ۔

 
0
114

اسلام آباد 01 اپریل 2022 (ٹی این ایس): پاکستان میں آسٹریلیا کی قائم مقام ہائی کمشنر جوآنا فریڈرکسن نے پاکستان اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے۔ ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا،

“آج جب پاکستان، میرے وطن آسٹریلیا اور دنیا بھر میں مسلمان، رمضان کے مقدس مہینے کا آغاز کریں گے، میں آپ سب کو رمضان کریم کی مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔

رمضان المبارک، اپنی مہینے بھر کی افطاریوں اور سحریوں کے زریعے، ایک ایسا موقع فراہم کرتا ہے جب لوگ پرسکون طریقے سے احترام کے جذبے کے ساتھ اکٹھے ہوں۔ یہ ہمدردی، خیرات اور بے لوثی کی اقدار پر غور کرنے کا وقت ہے، وہ اقدار جو ہم سب کو متحد کرتی ہیں۔

پاکستان میں مہمان نوازی اور مذہبی اور ثقافتی تہواروں کو منانے کی ایک بھرپور روایت ہے، چاہے وہ پڑوسی ہوں، دوست ہوں یا کوئی اور – ہم سب، بشمول آسٹریلیا،پاکستان کرکٹ سیریز کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے والے بہت سے آسٹریلوی لوگوں نے، اس چیز کو بھرپور طریقے سے محسوس کیا ہے۔

اس رمضان ، میں اس گراں قدر کردار کو اجاگر کرنا چاہتی ہوں جو آسٹریلوی مسلمان، بشمول بہت سے پاکستانی، آسٹریلوی معاشرے میں ادا کرتے ہیں۔ آسٹریلیا، دنیا بھر سے آئے، چھ لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کا گھر ہے، جن میں اسسی ہزار پاکستانی بھی شامل ہیں۔ ہمارے عوام سے عوام کے روابط آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

آسٹریلوی حکومت اور عوام کی طرف سے، میں آپ کو، آپ کے دوستوں اور آپ کے رشتہ داروں کو رمضان مبارک کہتی ہوں۔”