وفاقی حکومت نے جے یوآئی(ف) کے تمام مدارس کی فہرست مانگ لی

 
0
464

اسلام آباد اکتوبر 08 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے جمعیت علماء اسلام(ف) کے تمام مدارس کی فہرست مانگ لی، مدارس میں معلمین اور طلباء کے کوائف بھی فراہم کیے جائیں، وفاقی وزارت داخلہ نے صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے27 اکتوبر کو احتجاجی مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی وزارت داخلہ اور سکیورٹی ادارے بھی متحرک ہوگئے ہیں۔ایک طرف جمعیت علماء اسلام ف کے آزادی مارچ کی تیاریاں عروج پر ہیں، دوسری جانب حکومت نے احتجاجی یا آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف اپنی حکمت عملی بھی بنانا شروع کردی ہے۔
سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے اعلان کررکھا ہے کہ 27 اکتوبر کو 15لاکھ لوگ مارچ میں شریک ہوں گے۔ جے یوآئی ف کی قیادت کا کہنا ہے کہ ہم نے فی الحال آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے ۔ لیکن اس آزادی مارچ کو کتنی طول دینی ہے یاپھر دھرنا یا لاک ڈاؤن کرنا ہے اس کا فیصلہ وقت اور حالات کے پیش نظر کیا جائے گا۔لیکن وزیرداخلہ اعجاز شاہ اپنے ٹی وی انٹرویوز میں واضح کہہ چکے ہیں کہ آزادی مارچ کو روکا جائے گا، پہلا آپشن پولیس ہوگی جبکہ آخری آپشن فوج ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخواہ وزیراعلیٰ بھی اعلان کرچکے ہیں کہ آزادی مارچ کے شرکاء کو صوبے سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ جمعیت علماء اسلام بڑی اسٹریٹ پاور ہے اسی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے اور آزادی مارچ کا اثر زائل کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی ترتیب دینا شروع کردی ہے۔ وزارت داخلہ نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے تمام مدارس کی فہرست مانگ لی، مدارس میں معلمین اور طلباء کے کوائف بھی فراہم کیے جائیں، وفاقی وزارت داخلہ نے صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلے میں صوبوں سے جے یوآئی ف کے ملک بھر میں موجود تمام مدارس کی تعداد اور مدارس میں معلمین اور طلباء کا ڈیٹا اکٹھا کرکے فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔