شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی کے قائد ایوان کیلئے کاغذات نامزدگی منظور

 
0
100

اسلام آباد 10 اپریل 2022 (ٹی این ایس): سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاہ محمود قریشی اور متحدہ اپوزیشن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

واضح رہے کہ رات گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد وہ وزیراعظم کے عہدے سے ہٹ گئے تھے۔

اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملیکہ بخاری نے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

ملیکہ بخاری نے کہا کہ کور کمیٹی میں مشاورت کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا فیصلہ کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور انہوں نے کہا کہ میدان خالی چھوڑنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور پارٹی ہی فیصلہ کرے گی کہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کس کو نامزد کرنا ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے بطور وزیر اعظم کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔

شاہ محمود قریشی کے 4 فارمز قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائے گئے ہیں جس میں عامر ڈوگر، علی محمد خان بالترتیب تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔

دوسری جانب وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہیں جنہوں نے خود اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

شہباز شریف کے 13 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں جس میں خواجہ آصف اور رانا تنویر ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔