جنرل ریٹائرڈ ہارون اسلم اور اعجاز اعوان سے منسوب بیانات جعلی قرار

 
0
113

اسلام آباد 13 اپریل 2022 (ٹی این ایس): لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے خود سے منسوب کیے گئے فوج مخالف بیانات کو جعلی قرار دے دیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ مذکورہ ریٹائرڈ فوجی افسران کے نام سے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف جعلی آڈیو پیغامات وائرل ہوئے تھے۔

تاہم اب میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغامات میں ان آڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔

جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان سے منسوب آڈیو بیان جعلی ہے، فوج میری شناخت اور پہلا پیار ہے، اس قسم کی پوسٹ نہیں کرسکتا۔

دوسری جانب اس حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے منسوب جعلی آڈیو ریکارڈنگز چلائی جارہی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں۔