عمران خان کا کل سوشل میڈیا پر عوام سے براہِ راست گفتگو کرنے کا فیصلہ

 
0
116

اسلام آباد 19 اپریل 2022 (ٹی این ایس): چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل رات سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زیرِ صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 21 اپریل کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کل رات سوشل میڈیا کے ذریعے قوم سے براہ راست گفتگو کریں گے۔ اس فیصلے کے بعد تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم کو تیاریوں کی باضابطہ ہدایت کردی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مینار پاکستان جلسے کے لیے ذمہ داران کو قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچنے کی خصوصی ہدایات دیں اور کہا کہ صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں، کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کو قبول کیا گیا تو آئندہ کوئی سربراہِ حکومت بیرونی دباؤ کا سامنا کرنے کی جسارت نہیں کرے گا، پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کے لیے یکجا اور متحرک ہے، 21 اپریل کو مینار پاکستان کے تاریخی مقام سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گی۔