وزیراعظم کا پاکستان بھر کے قیدیوں کیلئے بڑا اعلان

 
0
158

اسلام آباد 24 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار لاہور پہنچے تو لاہور میں سب سے پہلے کوٹ لکھپت جیل کے دورے پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بیرک کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں قید کے دوران رکھا گیا تھا۔

وزیراعظم کے ہمراہ آئی جی جیل خانہ جات، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری اور کمشنر لاہور بھی ساتھ تھے، وزیراعظم نے جیل میں موجود اسپتال اور لنگر خانے کا بھی دورہ کیا، اور کوٹ لکھپت جیل سمیت تمام جیلوں میں سہولتوں میں سہولیات میں اضافے اور اسکول ڈسپنسری بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہر ممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی، کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی اور قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی۔