عمران خان اپنی ناکام سیاست کو بچانے کیلئے پاکستان کے مفادات سے کھیل رہے ہیں

 
0
140

اسلام آباد 24 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ اپنی ’ناکام سیاست‘ کو زندہ رکھنے کے لیے ’پاکستان کے مفادات سے کھیل رہے ہیں‘۔

لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے دو بار کسی غیر ملکی سازش کے امکان کو مسترد کیا جبکہ ’عمران خان اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے قومی مفادات سے کھیل رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ایک مضبوط ملک بننا چاہتا ہے تو ہمیں مضبوط معیشت کی ضرورت ہے اور یہ یہ تب ہی ہو سکتا ہے جب ہم خود کو عالمی معیشت کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے خلیجی ممالک کو بھی ناراض کردیا جبکہ خلیجی ممالک کا ہمیں ہمیشہ تعاون رہا، ہم نے امریکا سے ٹیکنالوجی بھی لینا ہے اور اسکالرز کو پڑھانا بھی ہے، امریکا بڑی تجارتی منڈی جسے چین بھی ناراض نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ چین کو مہنگے قرضوں کا کہہ کر ناراض کیا گیا، عمران خان کے دل میں چورہیں اسی لیے فارن فنڈنگ کیس رکوانا چاہتے ہیں جبکہ عمران خان نے سی پیک کے منصوبے کو تار تار کرکے رکھ دیا، چین کی سرمایہ کاری اور تعاون کے بغیر ہم تیز معاشی ترقی نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو کیوبا اور شمالی کوریا نہیں بنانا بلکہ چین، ملائشیا اور جنوبی کوریا بنانا ہے، مضبوط پاکستان کی پہلی شرط مضبوط معیشت ہے، عمران خان اپنی ناکام سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کے مفادات سے کھیل رہا ہے۔