بلدیاتی انتخابات 120 دن میں کرادیں گے: الیکشن کمیشن کی اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی

 
0
132

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 120 دن میں کرا دیے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرادی۔سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے سیکرٹری داخلہ سے کہا کہ کیا وہ یہ یقین دہانی کرائیں گے الیکشن سے پہلے مزید یوسیز نہیں بڑھائیں گے؟ اگر یقین دہانی نہیں کراتے تو عدالت مزید یوسیز نہ بڑھانے کا حکم دے گی، ایک بار الیکشن کرادیں، جسے آنا ہے آجائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ڈی جی لا الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات 120 دن میں کروا دیے جائیں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پر کتنا خرچ آئے گا ؟ جس پر ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تقریبا 15 سے 20 کروڑ روپے تک کا خرچہ آئے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پندرہ، بیس کروڑ تو کچھ نہیں پھر تو الیکشن کرائے جائیں۔ اگر مستقبل میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھانا ہو تو شیڈول سے پہلے ایسا کرنا ہو گا، عدالت نے حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے روکتے ہوے انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر 2022 کو شیڈول تھے جو اب تک نہیں کروائے گئے ہیں