حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 
0
147

اسلام آباد 30 اپریل 2022 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جس کے لیے مہمانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے علاوہ شریف فیملی کے افراد بھی حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں
حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری میں مریم نواز اور جہانگیر ترین کی شرکت متوقع
لاہور ہائیکورٹ کا اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم
پی ٹی آئی کا سارا ٹبر بیمار ہو جائے تب بھی حکومت (ن) لیگ بنائے گی: حمزہ شہباز
گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کے لیے 1000 کے قریب مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

جواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق آج حمزہ شہباز اپنے عہدے کا حلف لیں گے جس کے بعد صوبے میں جاری آئینی بحران اختتام پزیر ہو جائے گا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے اپنی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔