اسلام آباد کے سیکٹر F-8اور G-8کے درمیان رسائی کے لیے جناح ایونیو پر واقع انڈر پاس کے اضافی لوپس کی تعمیر کا کام بھر پور طریقے سے جاری

 
0
14037

اسلام آباد فروری 08 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے سیکٹر F-8اور G-8کے درمیان رسائی کے لیے جناح ایونیو پر واقع انڈر پاس کے اضافی لوپس کی تعمیر کا کام بھر پور طریقے سے جاری ہے۔ اس انڈر پاس کے یہ اضافی لوپس جناح ایونیو سے سیکٹر F-8 اور G-8تک ٹریفک کی براہ راست رسائی کے لیے تعمیر کئے جا رہے ہیں تاکہ اس انڈر پاس سے مکمل طور پر مستفید ہو اجا سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہفتہ کے روز اس انڈر پاس کا دورہ کیا اور اضافی لوپس کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ ان اضافی لوپس کی تعمیر کا کام تیزی سے جا ری ہے اور G-8 سیکٹر کی طرف بنایا جانے والا لوپ تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے لوپ پر کام جاری ہے جسے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ دونوں لوپس کی تعمیر کے بعد ان پر کارپیٹنگ کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ان اضافی لوپس کے تعمیراتی کام کو اگلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ جناح ایونیو بالخصوص جناح ایونیو پر واقع G-9جنکشن پر ٹریفک کے ہونے والے رش پر قابو پا کر ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ جناح ایونیو پر واقع ایف ایٹ اور جی ایٹ انڈر پاس جناح ایونیو سے منسلک نہ ہونے کے باعث زیادہ استعمال میں نہیں تھا اور محض دونوں سیکٹروں تک رسائی کا ذریعہ تھا۔ جناح ایونیو کی رسائی نہ ہونے کے باعث ان دونوں سیکٹروں میں جانے والے جناح ایونیو پر واقع G-9جنکشن کو استعمال کرتے تھے جس کے باعث G-9جنکشن پر ٹریفک جام رہنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ان لوپس کی تعمیر سے جہاں یہ انڈر پاس جناح ایونیو سے منسلک ہو جائے گا وہاں ان لوپس کو استعمال کرنے والوں کو سروس روڈ(نارتھ) سیکٹر G-8 جبکہ سیکٹر F-8کی سروس روڈ (ساؤتھ) تک آسان رسائی کی سہولت میسر ہو گی اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی تیزی آئے گی۔