فیصل ایونیو پر زیر تعمیر انڈر پاس پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے انڈر پاس بجانب فیصل مسجد کھدائی کا کام شروع کر دیا گیا

 
0
519

اسلام آباد فروری 08 (ٹی این ایس): فیصل ایونیو پر زیر تعمیر انڈر پاس پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے انڈر پاس بجانب فیصل مسجد کھدائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کشمیر ہائی وے سے آنے والی ٹریفک کو سروس روڈ (ایسٹ) سیکٹر G-8 متبادل راستے پر ڈال دیا گیا ہے۔ اس سروس روڈ کو اس انڈر پاس کی تعمیر کے باعث پہلے ہی کشادہ کر دیا گیا تھا تاکہ تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کے دباؤ کو احسن طریقے سے کم کیا جا سکے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

ابتدائی طور پر فیصل ایونیو بجانب زیرو پوائنٹ پر کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا اور زیرو پوائنٹ اور کشمیر ہائی وے جانے والی ٹریفک کو سیکٹر G-7کی سروس روڈ (ویسٹ) کا متبادل راستہ دیا گیا تھا اور اب سروس روڈ (ایسٹ) G-8 کی کشادگی کا کام مکمل کرنے اور ٹریفک کے متبادل راستوں کو یقینی بنانے کے بعد انڈر پاس کی کھدائی کا کام بھر پور طریقے سے شروع کر دیا گیا تھا۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کی انجینئرنگ ونگ کو ہدایات دی گئی تھیں کہ انڈر پاس کی تعمیر کے باعث ٹریفک کے رش پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مشاورت اور معاونت سے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جائے جبکہ سی ڈی اے کے ٹرانسپورٹ اینڈ ٹریفک پلاننگ (T&TP)ڈائریکٹوریٹ کو ٹریفک کی روانی کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ ان اقدامات کے باعث انڈر پاس کی تعمیر کے باعث ٹریفک کو متبادل راستے دینے سے ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو گئی ہے اور ابھی تک ٹریفک جام دیکھنے میں نہیں آئی۔

اس انڈر پاس کی تعمیر ٹریفک کے مسائل کو ہمیشہ کے لیے حل کرنے کے لیے نہایت اہمیت کی حامل تھی۔ اس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا بلکہ اس پر عملی کام کے آغاز کو بھی ممکن بنایا۔ اس منصوبے سے سیکٹر G-7اور G-8کے مکینوں کو دونوں سیکٹروں تک آسان رسائی فراہم ہو گی اور ٹریفک کی روانی میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ سی ڈی اے نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ انڈر پاس کی تعمیر کے دوران متبادل روٹ استعمال کریں۔