اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے پر ٹیلی کام فاؤنڈیشن کمپلیکس سے لیکر سیکٹرG-12 تک کی تمام سٹریٹ لائٹس کی ضروری تعمیر و مرمت کے بعد انہیں روشن کر دیا گیا ہے

 
0
563

اسلام آباد فروری 09 (ٹی این ایس): کشمیر ہائی وے جو کہ اسلام آباد کی میجر شاہراہ ہے اس پر نصب سٹریٹ لائیٹس مرمت نہ ہونے اور خرابی کے باعث بند تھیں جس کے باعث نہ صرف اس شاہراہ پر دور دراز سے گاڑیوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا بلکہ اس شاہراہ کے اطراف رہائشیوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات درپیش تھیں۔ جس کی وجہ سے یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان سٹریٹ لائٹس کو روشن کیا جائے کیونکہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے راہ گیروں کو سیکورٹی جیسے مسائل کا بھی سامنا تھا۔ ان مشکلات کے پیش نظر سی ڈی اے کو ان سٹریٹ لائٹس کو مرمت کے بعد فوری بحال کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے فوری طور پر نہ صرف مطلوبہ فنڈز فراہم کئے بلکہ تمام تر قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد گذشتہ سال کے آخر میں ان لائٹس کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کا ٹینڈر جاری کر دیا اور ٹینڈر کھلنے کے بعد ان سٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام بھی ایوارڈ کر دیا جس کے بعد موئثرمانیٹرنگ کر کے اس ٹاسک کو کم سے کم وقت میں مکمل کر لیا گیا۔بعد ازاں کشمیر ہائی وے پر ٹیلی کام فاؤنڈیشن کمپلیکس سے لیکر سیکٹرG-12تک کی تمام سٹریٹ لائٹس کو روشن کر دیا گیا اور نہ صرف ضروری مرمت اور دیکھ بھال بلکہ جہاں سٹریٹ لائٹس کے پولز نہیں تھے وہاں نئے پولز بھی لگا دیئے گئے جس سے رات کے وقت اس شاہراہ پر سفر کو محفوظ کیا گیا ہے اور کشمیر ہائی وے کے گرد ونواح کے رہائشیوں کو بھی سہولت میسر ہو گئی ہے۔