سی ڈی اے انتظامیہ نے جناح ایونیو پر چلنے والی ٹریفک کو اسلام آباد کے سیکٹرF-8اور سیکٹر G-8تک رسائی دینے کے لیے F-8/G-8انڈر پاس کے مزید لوپس تعمیر کرنے کا فیصلہ

 
0
9720

اسلام آباد فروری 07 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ نے جناح ایونیو پر چلنے والی ٹریفک کو اسلام آباد کے سیکٹرF-8اور سیکٹر G-8تک رسائی دینے کے لیے F-8/G-8انڈر پاس کے مزید لوپس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ F-8اور G-8سیکٹر میں جانے والی ٹریفک بلا رکاوٹ جناح ایونیو سے ہی ان دو سیکٹروں میں جا سکے۔ یہ لوپس سی ڈی اے اپنے وسائل سے تعمیر کرے گا جس کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی تھیں اور ان ہدایات کی روشنی میں ایم پی او کی مشینری موبلائز کرنے کے بعد کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس فیصلے کا مقصد ان دونوں سیکٹروں میں جانے والی ٹریفک کے رش کو کم کرنا اور ٹریفک کو رواں رکھنا ہے۔ اس وقت یہ ٹریفک ان دو سیکٹروں میں جانے کے لیے جناح ایونیو سے ہوتی ہوئی G-9 جنکشن استعمال کرتی ہے جس کے باعث نہ صرف G-9جنکشن پر گاڑیوں کا رش ہو جاتا ہے بلکہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے جناح ایونیو پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

نئے تعمیر ہونے والے لوپس جناح ایونیو پر واقع انڈر پاس کے ساتھ لنک کر دیئے جائیں گے جس سے جناح ایونیو پر آنے والی ٹریفک اس انڈر پاس کے ذریعے F-8 اور G-8جا سکے گی جس سے جناح ایونیو پر ٹریفک کا بہاؤ مزید بہتر ہو جائے گا۔ نئے تعمیر ہونے والے لوپس استعمال کرنے والی ٹریفک کو اس انڈر پاس کے ذریعے سیکٹر G-8 کی سروس روڈ (نارتھ) اور سیکٹر F-8 کی سروس روڈ (ساؤتھ) کے ساتھ لنک کر دیا جائے گا۔

سی ڈی اے انتظامیہ نے ان نئے لوپس کی تعمیر کو آئندہ ایک ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ جناح ایونیو بالخصوص G-9 جنکشن پر F-8اور G-8جانے والی ٹریفک کے باعث ہونے والے رش کو ختم کرکے جناح ایونیو کی ٹریفک کے بہاؤ کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے اور ان دونوں سیکٹروں کے رہائشیوں کو بھی سہولت میسر ہو سکے۔