آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر عدالت آج فیصلہ سنائے گی

 
0
168

اسلام آباد 17 مئی 2022 (ٹی این ایس): سپریم کورٹ نے منحرف اراکین اسمبلی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت مکمل کرلی۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے ساڑھے 5 بجے سنائیں گے۔

سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عدالت ایڈوائزری اختیار میں صدارتی ریفرنس کا جائزہ لے رہی ہے، صدارتی ریفرنس میں قانونی سوال یاعوامی دلچسپی کے معاملہ پر رائے مانگی جاسکتی ہے۔عدالت صدارتی ریفرنس کو ماضی کے پس منظرمیں بھی دیکھے۔

اٹارنی جنرل کے دلائل پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ صدرکو صدارتی ریفرنس کیلئے اٹارنی جنرل سے قانونی رائے لینےکی ضرورت نہیں، آرٹیکل 186 کے مطابق صدر مملکت قانونی سوال پر ریفرنس بھیج سکتے ہیں۔