ایف بی آر سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئے انعامی سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کل منگل کو ہوگی، کروڑوں روپے کے انعامات کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے

 
0
182

اسلام آباد 14 فروری 2022 (ٹی این ایس): ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل نظام سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئے انعامی سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کل (منگل کو) ہوگی۔ ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل نظام کی توسیع و ترویج اورشہریوں میں سیلز ٹیکس سے متعلق آگہی کیلئے یہ انعامی سکیم متعارف کرائی ہے۔انعامی سکیم میں صارفین میں کروڑوں روپے مالیتی ہزاروں انعامات کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔

سکیم فنانس ایکٹ 2021 کے تحت متعارف کرائی گئی ہے جس کی پیروی میں ایف بی آر نے 9 اگست 2021 کو انعامی اسکیم کیلئے قواعد کا اجرا کیا۔ انعامی اسکیم کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہر ماہ کی 15 تاریخ کو ہوتی ہے اور پہلی قرعہ اندازی 15 جنور کو ایف بی آر (ہیڈ کوارٹرز)اسلام آباد میں منعقدہوئی تھی۔

سکیم کے تحت پہلا انعام 10 لاکھ روپے، 5 لاکھ روپے کے2، ڈھائی لاکھ روپے کے4 انعامات جبکہ 50 ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات دیئے جارہے ہیں۔ اس طرح کل انعامی رقم 5 کروڑ 30 لاکھ ہر ماہ 1007 قرعہ اندازی کے بعد جیتنے والے صارفین کودی جاتی ہے۔ ایف بی آر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پہلی قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے 739 شہریوں کے اکاونٹس میں انعامی رقوم منتقل کی جاچکی ہے۔53انعام یافتگان کی انعامی رقوم ان کے اکاونٹس میں منتقل کرانے کیلئے پراسیس جاری ہے اورآئندہ چنددنوں میں یہ رقوم منتقل ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 200 انعام یافتگان نے ابھی تک ویریفیکشن کاعمل مکمل نہیں کیاہے۔ ویریفیکشن کی تکمیل کے بعدانعامی رقوم ان کے اکاونٹس میں منتقل کی جا ئے گی ۔ترجمان نے بتایا کہ انعامی اسکیم کا مقصد سیلز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شفافیت اور ریونیو چوری کے تدارک کو یقینی بنانا ہے۔ صارفین ایف بی آر کی ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے خریداری کی رسید کی تصدیق کر کے یا انوائس نمبر 9966 پر ایس ایم ایس کر کے قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ایف بی آر نے اس سلسلے میں عوام کی آگاہی کے لیے ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مہم کا آغاز پہلے سے کیا ہے۔ پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں توسیع کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 12 ہزارسے زائدکاروبار اس نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔ نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پرخریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کارنظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔