آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کا ہیضے کی وباء سے متاثرہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ کا دورہ

 
0
155

دورے میں ایف سی حکام اور سول انتظامیہ کی جانب سے وباء پر قابو پانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ
مشکل کی اس گھڑی میں ڈیرہ بگٹی کے متاثرہ لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے آئی جی ایف سی (نارتھ)
ایف سی حکام اور سول انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کرے میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ

اسلام آباد 16 مئی 2022 (ٹی این ایس): آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے ہیضے کی وباء سے متاثرہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ کا دورہ کیا – آئی جی ایف سی نے ایف سی حکام اور متعلقہ اداروں کو اپنی کوششیں تیز سے تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں- آئی جی ایف سی نے متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی تلقین کی- اس موقع پر ایف سی حکام اور سول انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں ہیضے کی وباء پر قابو پانے اور پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات پر آئی جی ایف سی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی- جس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:-

● 26 واٹر بوزر مقامی لوگوں کو صاف پانی فراہم کر رہے ہیں تاکہ مقامی لوگوں کی مشکلات میں کمی آسکے-

● پیر کوہ میں واٹر سپلائی سکیم کے پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کیا جا ئے گا- اسکے لیے 300 ملین جاری کیے جا چکے ہیں-

● بلوچستان حکومت کی جانب سے پیر کوہ میں 20 بیڈز پر مشتمل ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے جس میں علاج کی تمام سہولیات میسر ہیں-

● اینٹی بائیوٹک سیپروکسین کی بروقت فراہمی مؤثر ثابت ہوئی اور متعدد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
● بنیادی صحت یونٹس کا بوجھ بانٹنے کے لیے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) پیرکوہ کی عمارت میں ایک خصوصی کولیریا یونٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ تین اضافی ایمبولینسیں بھی سٹینڈ بائے پر رکھی گئی ہیں۔

● ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی چھ رکنی ٹیم جان بچانے والی ادویات لے کر پیرکوہ پہنچ گئی ہے اور آلودگی کے ذرائع کا پتہ لگانے کے لیے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

● آبی ذخائر کی صفائی اور پانی کی کلورینیشن کا کام شروع ہو چکا ہے جو کہ جلد مکمل ہو جائے گا۔

● سول انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے اور ہنگامی ٹول فری نمبر مقامی لوگوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔

● عوام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے پیر کوہ کے علاقے میں ایک تازہ بور کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ پتھر نالے میں تازہ بور کے لیے کھدائی جلد ہی شروع ہو جائے گی۔
● مروجہ بیماری کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور ویلفیئر ہسپتال سوئی کی طرف سے فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں سے ضروری ادویات فراہم کی جارہی ہیں- میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف خدمات انجام دے رہے ہیں-
ایف سی مقامی محکموں کے ساتھ مل کر لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے- پیر کوہ کے مقامی لوگوں نے ایف سی بلوچستان( نارتھ) کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا ۔