حکمرانوں نے جو سوچا ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا، شیخ رشید

 
0
102

اسلام آباد 23 مئی 2022 (ٹی این ایس): سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمران لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے۔ جلد اہم فیصلے ہوں گے۔ ایساحل نکالا جائے گاکہ معاشی ،سیاسی اور انتظامی بحران سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمران عمران خان کے لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے۔ سیاسی اندازے کے مطابق 31مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔ اہم فیصلوں کے لیے 2،4دن اوپر نیچے بھی ہوسکتےہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کبھی اپنے شہریوں پر گولیاں نہیں چلائے گی۔پاک فوج ملکی معیشت تباہ ہوتے نہیں دیکھے گی ۔ایسا حل نکالا جائے گاکہ معاشی ،سیاسی اور انتظامی بحران سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کررہی ہے۔حکمرانوں کی کوشش ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں پیٹرول ،گیس اور بجلی کا مسئلہ ان سے حل کروائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے جو سوچا ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ یہ اپنے ہی جال میں پھنس گئے ہیں۔حکمرانوں نے جو کھڈا عمران خان کے لیے کھودا تھا اس میں خود گرگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے۔یہ لوگ تو آئے ہی اپنے کیسز ختم کرنے کےلیے تھے۔سپریم کورٹ نے نیب ،ایف آئی اے اوراےاین ایف میں کیسز کے خاتمے کی سازش ناکام بنادی۔ان کو عنقریب جیلوں کےمنہ دیکھنے ہوں گے۔