روس نے سستا تیل اور گندم دینے کی پیشکش نہیں کی: مفتاح اسماعیل

 
0
167

اسلام آباد 02 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے روس نے تیل اور گندم پر تیس فیصد رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی۔

مفتاح اسماعیل نے سابق حکومت کے دعوے کی تردید کر دی۔ ایک عالمی نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا روس نے تیل اور گندم پر رعایت کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی۔ پابندیوں کے باعث روس سے تیل خریدنا مشکل ہو گا۔

گزشتہ حکومت نے تیل کے لیے روس سے رابطہ کیا تھا۔ پابندیاں عائد ہونے کے بعد روس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اگر روس ہمیں پیشکش کرے اور پاکستان پر کوئی پابندی نہ ہو تو ہم اس پر غور کر سکتے ہیں۔

ہم نے گندم کے لیے یوکرین اور روس سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں ملکوں میں سے جو بھی ہمیں گندم فراہم کرے گا ہم خرید لیں گے۔

انہوں نے کہا آئی ایم ایف کی نظریں بجٹ پر ہیں، اس کے بعد معاہدہ متوقع ہے۔ بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکس میں اضافہ کا امکان ہے۔ عمران خان نے ہمیں پھنسانے کے لیے سبسڈیز کا اعلان کیا تھا۔

ن لیگ کے دونوں سابق وزرائے اعظم کا خیال تھا کہ ہمیں فوری الیکشن کروانا چاہیے۔ آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع کے لیے ہمیں انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ پہلے معیشت کو مستحکم کر کے پھر ہم الیکشن کی طرف جائیں گے۔