پاکستانی ہائی کمیشن کی برطانوی حکومت کو پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کارروائی کی درخواست

 
0
218

اسلام آباد 02 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی حکومت کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے دو مراسلے ارسال کر دیے۔

پاکستان کے ہائی کمیشن اور برطانوی دفتر خارجہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ہائی کمیشن کی طرف سے باضابطہ طور پر حکومتِ برطانیہ کو دو مراسلے ارسال کیے گئے ہیں۔ مراسلوں میں درخواست کی گئی ہے کہ اُن پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف کارروائی کی جائے جو 25 مئی کو ہائی کمیشن کی عمارت میں داخل ہوئے۔

یہ وہی دن تھا جب سابق وزیراعظم عمران خان پشاور سے اسلام آباد کی طرف ’آزادی مارچ‘ کی قیادت کر رہے تھے اور پی ٹی آئی (برطانیہ چیپٹر) نے ’آزادی مارچ‘ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانیہ کے دفتر خارجہ کو ارسال کیے گئے سفارتی مراسلے میں کسی کا نام نہیں لیا لیکن برطانوی حکام کو دو ویڈیو کلپس بھیجی ہیں تاکہ 5 پی ٹی آئی کارکنان کی شناخت ہوسکے جو ہائی کمیشن کی عمارت میں زبردستی داخل ہوئے۔

پی ٹی آئی کارکنان برطانیہ میں موجود پاکستانی مشن کو موجودہ حکومت کے خلاف پٹیشن جمع کروانے کے لیے آئے تھے، پٹیشن میں درخواست کی گئی تھی کہ حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ پاکستان میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کارروائی نہ کریں۔