لاہور اگست 05.(ٹی این ایس )تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے این اے 120کے ضمنی انتخاب میں حمایت مانگ لی ۔بتایا گیاہے کہ جہانگیر خان ترین نے پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطے میں این اے 120کے ضمنی انتخاب سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ پرویزالٰہی نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ق) این اے 120میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں اپنا امیداوارنہیں لائے گی بلکہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کی جائے گی ۔جہانگیر خان ترین نے امیدوار نہ لانے اور حمایت کی یقین دہانی پر پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا ۔بعد ازاں تحریک انصاف کے وائس چےئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی اورسیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت پر اظہار تشکر کیا ۔رابطے کے دوران طے پایا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما جلد ملاقات بھی کریں گے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حمایت پر (ق) لیگ کی قیادت کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ این اے 120میں کرپٹ نظام کوشکست دیں گے ۔