سفاری زو کے معذور دو شیر اور دو شیرنیوں کو پر سکون موت دینے کے فیصلہ کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم

 
0
546

لاہور اگست 05.(ٹی این ایس ) سفاری زو کے معذور دو شیر اور دو شیرنیوں کو پرسکون موت دینے کے حتمی فیصلہ کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ یہ چاروں شیر اور شیرنیاں جن کی عمریں ایک سے دو سال ہیں موروثی بیماری کے باعث معذور ہیں اور یہ پچھلے آدھے دھڑ کے کام نہ کرنے سے تکلیف اور مشکل میں ہیں۔ اس امر کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب و چےئر مین زو مینجمنٹ کمیٹی خالد عیاض خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں کمیٹی کے سرکاری ارکین میں سیکرٹری فارسٹری وائلڈلائف اینڈ فشریز کے نمائندہ الیاس نواز، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد لطیف، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف/ سیکرٹری سفاری زو چوہدری شفقت علی، ڈائریکٹر لاہور زو حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی عامر مسعود جبکہ غیر سرکاری اراکین میں چےئر پرسن زوالوجی ڈیپارٹمنٹ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر فرخندہ ، سابق اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر، اور ڈاکٹر ارشد مقبول نے شرکت کی۔ ڈی جی جنگلی حیات نے سفاری زو کے چار معذور شیروں کو پر سکون موت دینے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کے لئے ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا، ویٹرنری آفیسر جلو ڈاکٹر آمنہ، سفاری زو کے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر رضوان اور لاہور چڑیا گھر کی ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر وردہ گل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو ان جانوروں کا دوبارہ معائینہ کر کے اپنی سفارشات دے گی جس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ کمیٹی اراکین نے اس فیصلے کی متفقہ طور پر منظوری دی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو نے تجویز پیش کی کہ سفاری زو کی ای ٹکٹنگ کے اجراء کے حوالے سے بعض معاملات تا حال حل طلب ہیں اس لئے اس کنٹریکٹ کو منسوخ کر دیا جائے جس پر کمیٹی نے منسوخی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں تفصیلی غور کیا جائے اورنئے سرے سے شرائط طے کر کے کنٹریکٹ دیا جائے اور شرائط کو حتمی شکل دینے سے پہلے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندے سے بھی مشاورت کی جائے۔ اجلاس میں زو سفاری کے مرکزی دفتر کے نزدیک ایک نئے اضافی داخلی و خارجی گیٹ کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی جسے غیر معمولی صورت حال میں استعمال کیا جا سکے۔خالد عیاض خان نے سفاری زو کے اکاؤنٹ سے سال 2017-18 ء کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے اس رقم کے خرچ میں شفافیت سے کام لینے کی ہدائت کی۔ اجلاس میں سفاری زو کی سال 2016 ء کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں سفاری زو میں وائلڈ لائف واچرز، کیپرز اور دیگر اہلکاران میںیونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف خالد عیاض خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائلڈ لائف واچرز اور دیگر ملازمین لائق تحسین ہیں کیونکہ یہ عید اور دیگر قومی ایام اور مذہبی تہواروں پر جب سب لوگ اپنے گھروں میں چھٹیاں منا رہے ہوتے ہیں تو یہ ملازمین ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین میں یونیفارم تقسیم کرنے کا مقصد ان میں امتیاز ختم کرنااور ڈسپلن پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے ملازمیں پر زور دیا کہ وہ یونیفارم پہن کر اس کے تقدس اور فرض شناسی کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایمانداری سے فرائض انجام دیں انہیں مزید سہولیات بھی بہم پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے 25 وائلڈ لائف واچرز ، اینیمل کیپرز اور بیلداروں میں یونیفارم تقسیم کئے۔