اسلام آباد 14 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بڑے پیمانے پر سفارتی کوششیں شروع کر دی ہیں، جرمنی، امریکہ سمیت دیگر اہم ممالک نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر پاکستان کی طرف سے کی جانے والی اہم پیشرفت پر تعاون کے حوالے سے جزوی آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے باعث پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے کے روشن امکانات ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ حناء ربانی کھر کے حالیہ دوروں میں فیٹف کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی ہے جس میں اہم ممالک کی جانب پاکستان کیلئے نرم رویے کا اظہار کیا گیا ہے، فیٹف ایکشن پلان کے تقریباً تمام نکات پر عملدرآمد ہوچکا ہے صرف سزاؤں کے حوالے سے عملدرآمد ہونا باقی ہے اور اس حوالے سے پاکستان پراسیکیوشن اور تمام متعلقہ قانونی ترامیم کرچکا ہے۔