پاکستانی جج کے تاریخی فیصلے کی امریکی عدالت میں گونج

 
0
198

اسلام آباد 18 جون 2022 (ٹی این ایس): عدالت عالیہ اسلام آباد کے جانوروں کے حقوق سے متعلق فیصلے کا تذکرہ امریکی عدالت میں ہوا، جس سے عالمی سطح پر اس تاریخی فیصلے کی پذیرائی ہوئی ہے۔امریکی ریاست نیو یارک کی کورٹ آف اپیلز میں جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک مقدمے کے 14 جون کو جاری کیے گئے فیصلے میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا تذکرہ کیا گیا۔ امریکی عدالت نے فیصلے میں جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا ایک پیراگراف شامل کیا، جس میں درج تھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں، ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جانوروں کے حقوق کے تناظر میں کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا غیر معمولی فیصلہ دیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 20 مئی 2020 کو ہاتھی کو محفوظ پناہ گاہ میں منتقلی سے متعلق فیصلہ دیا تھا، جس میں تحریر تھا کہ جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں ۔ ہر قسم کے جانوروں کی قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول چاہیے ہوتا ہے ۔ قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کرکے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے؟۔ قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہییں ۔ جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں ۔