سانحہ ماڈل ٹائون ،عدالت نے پنجاب حکومت کو آخری مہلت دے دی

 
0
287

لاہور 22 جون 2022 (ٹی این ایس): لاہور عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی دستاویزات فراہمی سے متعلق کیس میں پنجاب حکومت کو آخری موقع دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری کی دستاویزات فراہمی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ دائر درخواست میں سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری کی دستاویزات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ دو ہزار اٹھارہ سے یہ کیس چل رہا اور اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹان کی جوڈیشل انکوائری کی دستاویزات فراہم نہیں کر رہی، اس لیے صوبائی حکومت کو سانحہ ماڈل ٹان کی جوڈیشل انکوائری کی تمام دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے پی اے ٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو آخری بار مہلت دیتے ہوئے قرار دیا کہ اگر پنجاب حکومت مصدقہ دستاویزات نہیں دے سکتی تو عدالت کو ٹھوس وجوہات سے آگاہ کرے۔بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی30 جون تک ملتوی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا۔