حکومت نے روس سے تیل کی درآمد پر غور شروع کر دیا

 
0
107

اسلام آباد 29 جون 2022 (ٹی این ایس): عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں اور ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے روس سے تیل کی درآمد پر غور شروع کر دیا۔
حکومت کی جانب سے روس سے تیل کی درآمد کے حوالے سے مختلف امور پر مشاروت کیلئے آئل ریفائنریوں سے مختلف تجاویز طلب کرلی گئیں۔
وزارت توانائی کی جانب سے آئل ریفائنریز کو لکھے گئے خط میں روسی تیل کے حوالے سے ریفائنریوں کی تکنیکی استعداد کار کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطی کے مقابلے میں روس سے تیل درآمد پر اخراجات کا موازنہ پیش کیا جائے آئل ریفائنریاں حکومت کو روس کو تیل کی ادائیگیوں کے طریقہ کار پر بھی تفصیلات فراہم کریں اور عرب ممالک سے تیل خریداری کے طویل مدتی معاہدوں پر بھی تجاویز دی جائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت روس سے تیس فیصد سستا تیل خریدنے کیلئے تیار تھی تاہم حکومت کے بدلنے سے یہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔