اسلام آباد(ٹی این ایس) آذربائیجان کے سفیر کی وفاقی وزیر قانون و انصاف سے ملاقات

 
0
89
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف نے آذربائیجان کے سفیر محترم خضر فرہادوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں دستخط شدہ تعاون کی یادداشت (MOC) پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اس کے عملی نفاذ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے بارے میں امید ظاہر کی۔ انہوں نے  بالخصوص  قانونی شعبے میں تعاون  کے فروغ میں آذربائیجان کی دلچسپی پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات پر روشنی ڈالی اور آذربائیجان کے وزیر انصاف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے قانونی معاونت میں مضبوط تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان میں قانون سازی کی پیش رفت پر بات چیت کا خیرمقدم کیا جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے نئی ترغیبات فراہم کرتی ہیں۔
سفیر نے فزیبلٹی اسٹڈیز اور ریگولیٹری ماحول کو نیویگیٹ کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان میں کام کرنے والے آذربائیجانی کاروباری افراد کے لیے بھی تعاون کی  تجویز پیش کی۔ دونوں فریقین نے اپنے متعلقہ نظام انصاف میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے لیے قانونی تعلیم، تربیت اور صلاحیت سازی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس تعاون کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان طریقہ کار کو حتمی شکل دینے اور ایک مواصلاتی چینل کھولنے کے لیے ایک جامعہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کا اختتام دونوں فریقین کی جانب سے تعریف کے اظہار اور تعاون کے فروغ اور باہمی مفادات کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہوا