عمران خان کا بڑا اعلان ،پارٹی رہنمائوں اور ٹائیگرز کو خصوصی ہدایات جاری کردیں

 
0
86

اسلام آباد 20 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں یومِ سیاہ منانے کا اعلان کردیا جبکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، روزِ اوّل سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او دوم دلوانا ہے، چوروں کو این آر او دوم دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے،ان بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا ۔عمران خان نے کہاکہ بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے، 26 سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے، احتساب کا نظام مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کی،ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں، اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا اور ادارے تباہ کرکے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کی جانب سے خود کو این آر او دوم دینے کی شرمناک کوشش ہے ،پارٹی رہنما کالی پٹیاں باندھیں گے اور نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو امپورٹڈ حکومت کی جانب سے نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے نظامِ احتساب دفن کرنے کو کوششوں پر مفصل بریفنگ دی گئی جس پر چیئرمین تحریک انصاف نے نیب قانون میں ترامیم کی بھرپور مزاحمت ،فواد چودھری اور دیگر کو نیب قانون میں ترامیم کی شرمناک سازش اور اسکے اہداف سے قوم کو تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی ہدایات کیں۔عمران خان نے جماعتی ترجمانوں کو بھی معاملے کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔