احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ، چھ جولائی کو سنایا جائے گا

 
0
467

اسلام آباد جولائی 3(ٹی این ایس)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ، 6 جولائی کو سنایا جائے گا ۔یہاں یہ بھی امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے پانام کیس کا فیصلہ بھی جمعہ کو سنایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جہاں مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز اپنے حتمی دلائل دیے۔جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ چھ جولائی کو جمعہ کے روز سنایا جائےگا۔احتساب عدالت نے تقریبا ساڑھے 9 ماہ ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی جبکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا جا چکاہے۔

واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 2 جولائی کو ہر حالت میں حتمی دلائل ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم گزشتہ روز دلائل مکمل نہ ہونے پر ریفرنس کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجودگی کے باعث آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، گزشتہ روز عدالت نے دونوں کو حاضری سے 2 روز کا استثنیٰ دیا تھا۔احتساب عدالت میں آج ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا۔