یمن سے متعلق اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ غلط معلومات پر مبنی ہے، عرب اتحاد

 
0
302

عالمی رپورٹ میں صرف تیاری میں مقامی ویب گاہوں اور ذرائع پر انحصار کیا گیا ہے،ترجمان کی پریس کانفرنس
صنعاء03جولائی(ٹی این ایس)یمن میں قانونی حکومت کے حق میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف برسرپیکار عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جنگ زدہ ملک کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ غلط معلومات پر مبنی ہے اور اس کی تیاری میں مقامی ویب گاہوں اور ذرائع پر انحصار کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرنل ترکی المالکی نے سعودی دارالحکومت الریاض میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اقوام متحدہ کا یمنی دارالحکومت صنعاء میں صرف ایک دفتر کام کررہا ہے اور یہ عام بات ہے۔اس سے ہر کوئی آگاہ ہے۔یمن میں اقوام متحدہ کی تنظیموں اور اس کی ایجنسیوں کے کام کے لیے ماحول بھی سازگار نہیں ہے۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس تناظر میں اقوام متحدہ کے نمائندوں نے برسرزمین صورت حال کا جائزہ لینے کے بجائے مقامی ویب گاہوں اور ذرائع سے معلومات حاصل کرکے یہ رپورٹ مرتب کی اور پھر اس کا تجزیہ کیے بغیر ہی اس کو جاری کردیا ۔