افغانستان میں امریکی فوجی قافلے پر کار بم حملے میں 5 افراد ہلاک،تین زخمی

 
0
352

لوگر کے علاقے پلِ عالم میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی امریکی فوجی قافلے سے ٹکرادی،طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی
کابل03جولائی(ٹی این ایس)افغانستان کے صوبہ لوگر میں امریکی فوجی قافلے پر کار بم حملے میں 5 افراد ہلاک اورتین زخمی ہوگئے،ادھرطالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ اس حملے میں غیر ملکی جارح افواج کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ امریکی فوجی مارے گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لوگر کے علاقے پلِ عالم میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی امریکی فوجی قافلے سے ٹکرادی۔ دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ افغان حکام نے واقعے کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ افغانستان میں تعینات امریکی و نیٹو افواج نے تاحال اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔لوگر پولیس کے ترجمان شاہ پور عرب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں امریکی فوجی قافلے کو تھوڑا بہت نقصان پہنچا تاہم کسی فوجی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ صوبائی کونس کے سربراہ حسیب ستانکزئی نے بتایا کہ امریکی فوجی دستہ عسکریت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کرکے واپس اپنے بیس آرہا تھا کہ راستے میں اسے نشانہ بنایا گیاادھر ایک بیان میں طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، ترجمان طالبان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس حملے میں غیر ملکی جارح افواج کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 امریکی فوجی مارے گئے۔