پاک فوج کے زیر اہتمام جیوانی میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد

 
0
212

اسلام آباد 04 جولائی 2022 (ٹی این ایس): کھیل انسانی زندگی کا بہت اہم حصہ ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔ بلوچستان خصوصاً ضلع گوادر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کے پیش نظر پاک فوج، ایف سی بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور علاقے کے نوجوان علاقے میں امن کے استحکام کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ اس رشتے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پاک فوج اور سول انتظامیہ کے مشترکہ تعاون سے فٹبال گراؤنڈ جیوانی میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلا گیا جس میں کُل سولہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل پسنی اور پشوکان کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمیشنر گوادر اطہر عباس راجہ تھے۔ٹورنامنٹ کی فاتح پشوکان ٹیم کو منتظمین کی جانب سے میڈلز اور 50 ہزار روپے کے نقد انعام سے نوازا گیا۔پاک فوج کی جانب سے ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد باہمی روابط میں بہتری اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کا باعث بنتا ہے۔مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں نے اس صحت مندانہ سرگرمی کے انعقاد پر پاک فوج اور سول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔