اٹک پولیس نے صحافی عمران ریاض خان کو گرفتار کرلیا

 
0
148

اسلام آباد 05 جولائی 2022 (ٹی این ایس): حکومت پر تنقید کرنے والے معروف صحافی عمران ریاض خان کو اٹک پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ صحافی عمران ریاض نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی اور صحافی کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے عمران ریاض خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران ریاض محب وطن پاکستانی اور پیشہ ور صحافی ہیں، وہ بے باکی کے ساتھ عوام کے سامنے سچ لاتے ہیں‘۔

دوسری جانب عمران ریاض خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے بھی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت گرفتاری عمل میں آئی وہ میرے ساتھ موبائل فون پر بات کررہے تھے۔

میاں علی اشفاق نے بتایا کہ عمران ریاض خان کے خلاف پنجاب بھر میں 17 مقدمات درج تھے، جس پر ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تو عدالت نے ملک بھر کے متعلقہ اداروں کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جس پر معزز جج نے آئی جی پنجاب کو مقدمات کی کاپی فراہم کرنے اور گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

علی اشفاق نے اعلان کیا کہ ہم اس گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے اور امید ہے کہ معزز جج صاحبان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لے کر عمران ریاض کو رہا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔