دعا زہرا کے شوہر ظہیر کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

 
0
121

اسلام آباد 06 جولائی 2022 (ٹی این ایس): لاہور کی عدالت نے دعا زہرا کے شوہر ظہیر کو 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔ ظہیر نے گرفتاری کے خدشے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ میں 7 جون بروز جمعرات کو دعا زہرا کے شوہر ظہیر کی حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے ظہیر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت میں دائر درخواست میں ظہیر کی جانب سے مؤقف اپنا گیا تھا کہ دعا زہرا سے نکاح کیا ہے الزام لگایا جا رہا ہے کہ دعا کو اغوا کیا ہے۔ کراچی میں اغوا کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

درخواست میں ظہیر نے یہ موقف بھی اپنایا ہے کہ اسے خدشہ ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی، عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت لی جا سکے۔

لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو جج نے ظہیر کے وکیل سے استفسار کیا کہ کب کی ایف آئی آر درج ہے۔ جس پر ظہیر کے وکیل رائے خرم نے معزز عدالت کو بتایا کہ 16 اپریل کو اغوا کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ تو ابھی تک آپ کیا کر رہے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اپ کو کیسے پتا چلا کہ پولیس انہیں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

وکیل نے عدالت کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ تفتیشی افسر کا بیان ہے کہ وہ معاملے کو ری انوسٹی گیٹ کر رہے ہیں۔ خدشہ ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی۔
عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت لی جا سکے۔ اس موقع پر عدالت نے 14 جولائی تک ظہیر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ دعا زہرا رواں سال اپریل میں کراچی سے لاپتا ہو گئی تھیں۔ بعد میں اُنہوں نے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ اُنہوں نے اپنی پسند سے شادی کر لی ہے۔
دعا زہرا کے والدین کا مؤقف تھا کہ دعا ابھی 18 سال کی نہیں ہے، جب کہ دعا اور ظہیر کا میڈیا میں دیئے گئے بیانات میں کہنا تھا کہ دعا زہرا کی عمر 18 سال ہے۔
دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ بھی ترتیب دیا گیا، جو پاکستان کی تاریخ میں تشکیل دیئے جانے والا سب سے بڑا میڈیکل بورڈ تھا۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔
دعا کے والد مہدی کاظمی کی جانب سے ظہیر احمد پر بیٹی کے اغواء کا الزام بھی عائد کیا گیا، مہدی کاظمی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ جب دعا زہرا کے اغواء کا واقعہ پیش آتا تو اس وقت دعا کی عمر 13 سال 11 ماہ اور 19 دن تھی۔
مہدی کاظمی کے مطابق اُن کے پاس دعا زہرا کی عمر سے متعلق نادرا کی دستاویزات، تعلیمی اسناد، پاسپورٹ اور برتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے۔